بنگلورو، 25؍ جولائی (ایس او نیوز) کرناٹک میں سیلاب اور موسلادھار بارش سے بری طرح متاثر ہونے والے اضلاع کا اتوار کے روز وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا فضائی معائنہ کریں گے۔ یہ اعلان ریاستی وزیر برائے محصولات آر اشوک نے کیا۔
ہاسن میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اشوک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والے بیلگاوی اور شمالی کنڑااضلاع کا فضائی معائنہ کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فضائی معائنے کے دوران وہ خود بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ رہیں ۔ اشوک نے بتایا کہ ریاست میں سیلاب اور مسلسل بارش سے صورتحال کافی خراب ہوچکی ہے اس لئے حکومت نے طے کیا ہے کہ جو سرکاری افسر چھٹی پر ہیں ان تمام کو واپس طلب کر لیا جائے ۔اضلاع کے انچارج وزرا سے کہا گیا ہے کہ وہ ان اضلاع میں خیمہ زن رہیں جو ان کی ذمہ داری میں دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے فنڈس میں کوئی کمی نہیں ہے۔ حکومت کے پاس 950 کروڑ روپئے کی رقم موجود ہے۔ تمام اضلاع کے دپٹی کمشنروں سے کہا گہا ہے کہ وہ اپنے راحت کاری فنڈس کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کی مدد کریں۔